کولکا تا، 15/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مغربی بنگال میں مکر سنکرانتی کے موقع پر گنگا ساگر میلے کے دوران بھگدڑ میں 6لوگوں کے مارے جانے جبکہ 15دیگر کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ بھگدڑ یہاں کے کاچو بیریا علاقے میں میلے سے لوٹتی بھیڑ کے درمیان مچی۔حکومت نے بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو 5-5لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔انتظامیہ کی طرف سے گنگاساگر میلے کو دیکھتے ہوئے سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔عقیدت مندوں نے ہفتہ کی صبح دو بجکر 52منٹ کے بعد سے غسل شروع کردیا اور اتوار کی صبح دو بجکر 15دن منٹ تک غسل کرنے کا وقت تھا، جس کے لیے لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند یہاں آئے ہوئے تھے۔ریاست اور جنوبی 24پرگنہ ضلع انتظامیہ نے عقیدت مندوں کی مدد کے لیے 9000پولیس اہلکاروں اور رضاکاروں کو تعینات کیا تھا، انتظامیہ نے بتایا کہ اس پورے میلہ پر قریبی نگاہ رکھنے کے لیے 165سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے۔